آرمی چیف سے کمانڈر ترک لینڈ فورسز کی ملاقات، باہمی دلچسپی، پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال
راولپنڈٰی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل امت دندار نے ملاقات کی، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل امت دندار کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ دوطرفہ سطح پر فوجی روابط کو مزید مستحکم، دونوں ممالک کے مابین تربیتی، انسداد دہشتگردی امور میں تعاون میں وسعت پر اتفاق ہوا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا، ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اور ترکی تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔
اس موقع پر جنرل امت نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، اُنہوں نے کہا، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق قبل ازیں جنرل امت کی آمد پر انہیں ملٹری کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔