راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے ملاقات کی، آئی ایس پی آر کے مطابق دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے اُمور سمیت افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں جاپان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں۔
سپہ سالار نے کہا کہ افغانستان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ادارہ جاتی میکانزم کی تشکیل کی ضرورت ہے۔ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ آرمی چیف نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
آرمی چیف جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کا پُرامن حل جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے تمام ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔
اس موقع پر جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے افغان صورتحال اور علاقائی استحکام میں پاکستانی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت کے لیے پرعزم ہیں۔