Thursday, February 9, 2023

آج ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کے نظریات کے مخالف انکے گھر براجمان ہیں ، شبلی فراز

آج ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کے نظریات کے مخالف انکے گھر براجمان ہیں ، شبلی فراز

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا آج ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کی روح کو تکلیف پہنچ رہی ہو گی۔ انکے نظریات کے بدترین مخالف آج انکے گھر براجمان ہیں۔

شبلی فراز نے ٹویٹ پیغام میں کہا انکا ایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ہی ختم ہو جاتا ہے۔ ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں۔ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا "اوپر سے لڑائی اندر سے بہن بھائی" کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے کے اعلان کرنیوالے ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے۔ یہ ان کی اصلیت ہے، یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیچھے کچھ اور ہیں۔

شبلی فراز نے مزید کہا ملک میں جب بھی کرپشن، دو نمبری اور ہارس ٹریڈنگ کا نام آئیگا تو نوازشریف کا نام آئے گا۔ عمران خان عوام کا تابعداراور چوروں لٹیروں کیلئے تھانیدار ہے۔

 ادھر فردوس عاشق اعوان نے طنز کیا کہ مریم کے مفرور والد کی سیاست ہر روز سکڑ رہی ہے۔ جعلی راجکماری سندھ کے جتنے چاہیں دورے کریں اب کرپشن کا دور واپس نہیں آئے گا۔ ان کی سیاست اور وراثت پر قابض گروہ نے ان کی قربانیوں کو ذاتی مفاد پر قربان کر دیا۔

اپنے چچا اور والد کی طرف سے قبر پر کھڑے ہو کر جعلی راجکماری نے معذرت بھی ضرور کی ہو گی۔ جس ٹولے نے بھٹو کے حقیقی ورثا کو حق نہ دیا وہ سندھ کی مظلوم عوام کو کیا انصاف دیں گے۔