Saturday, July 27, 2024

آج دنیا بھر میں آبگاہوں کا عالمی دن، محکمہ وائلڈ لائف کی عدم توجہ، ایشیا کی سب سے بڑی آبگاہ ہالیجی جھیل تباہی سے دوچار

آج دنیا بھر میں آبگاہوں کا عالمی دن، محکمہ وائلڈ لائف کی عدم توجہ، ایشیا کی سب سے بڑی آبگاہ ہالیجی جھیل تباہی سے دوچار
February 2, 2016
ٹھٹھہ (نائنٹی ٹو نیوز) آج دنیا بھر میں آبگاہوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ ٹھٹھہ کی ہالیجی جھیل پرندوں کی محفوظ پناہ گاہ اور مگرمچھوں کی افزائش کا اہم مرکز ہے لیکن خوراک نہ ملنے پر یہ اکثر آبادیوں کا رُخ کر لیتے ہیں، کبھی مکینوں کو نقصان پہنچاتے ہیں تو کبھی خود مارے جاتے ہیں۔ ہالیجی جھیل کراچی سے 82 کلومیٹر کے فاصلے پر سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں واقع ایشیا کی سب سے بڑی پرندوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔ سندھ کی تاریخی، اہم ترین جھیل اور تفریحی مقام بھی ہے۔ آبی پرندوں کی جنت ہالیجی جھیل جس کی سطح جتنی پرسکون ہے، اس کی گہرائی میں اتنی ہی ہلچل ہے۔ آبگاہیں ہماری بقا کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ متعلقہ اداروں کی عدم توجہ اور غفلت کے باعث ضلع ٹھٹھہ کی یہ اہم ترین آبگاہ تباہی سے دوچار ہو گئی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں ایسی جھیلوں کو قائم کرنے کے لیے بھاری سرمایہ خرچ کیا جاتا ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ماضی کے خوبصورت اور اہم تفریحی مقام کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ جھیلوں کی خوبصورتی پانی سے ہے، اس جھیل کو پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہالیجی جھیل طویل عرصے سے سائبیریا سمیت دیگر سرد ممالک سے گرم پانی اور تازہ خوراک کی تلاش میں آنے والے مہمان پرندوں کا مسکن بھی ہے۔ ہالیجی جھیل مگرمچھوں کا مسکن کہلاتی ہے اس جھیل میں چار مگرمچھ چھوڑے گئے تھے جن کی تعداد اب بڑھ کر 600 سے زائد ہو چکی ہے۔ ہالیجی جھیل میں مگرمچھوں کے لیے ایک حصہ مختص کر کے اس کے چاروں طرف جالیاں لگائی گئی تھیں تاکہ مگرمچھ ایک حد میں رہ سکیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جالیاں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں اور اب یہ مگرمچھ پوری جھیل میں پھرتے رہتے ہیں۔ اس جھیل میں پائے جانے والے مگرمچھ ہیگڈیر اور مارش کہلاتے ہیں، بھوک مٹانے کی خاطر کبھی مگرمچھ مکینوں کو زخمی کر دیتے ہیں تو کبھی لوگ اپنی جان بچانے کیلئے انہیں مار ڈالتے ہیں لیکن محکمہ وائلڈ لائف نے ان واقعات سے منہ موڑ رکھا ہے۔ جھیل پر تفریح کے لیے آنے والے بھی خوف کا شکار ہیں۔ کہتے ہیں خشکی پر مگرمچھوں کی آمد سے تفریح کا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے۔