آج آخری روز !!! 804 اراکین اسمبلی نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں
اسلام آباد (92نیوز) اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرانے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے۔ کل 1174 میں سے صرف 361 اراکین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔ 804 اراکین پارلیمنٹ نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک‘ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ‘ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاو¿ اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جبکہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار‘ وفاقی وزیر سردار یوسف‘ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے بھی اثاثوں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی۔ وفاقی وزراءخواجہ سعد، خواجہ آصف اور چوہدری نثار بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔
ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی اراکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے تفصیلات جمع کرانے میں عدم دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 342 نشستوں میں سے 235 اراکان کے اثاثوں کی تفصیل جمع نہیں کرائی۔ 65 سینٹرز نے بھی تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 290 ممبران‘ سندھ اسمبلی کے 118 ممبران‘ بلوچستان کے 45 کے پی کے کے 60 ارکان اثاثوں کی تفصیل جمع نہ کرانے والوں میں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔