Thursday, October 6, 2022

آتشبازی کے گودام میں دھماکے کے بعد دو منزلہ مکان منہدم، 10 افراد زخمی

آتشبازی کے گودام میں دھماکے کے بعد دو منزلہ مکان منہدم، 10 افراد زخمی

حیدر آباد (92 نیوز) حیدر آباد میں آتشبازی کے گودام میں دھماکے کے بعد دو منزلہ مکان منہدم ہو گیا۔ ملبے سے ایک بچی کی لاش نکال لی گئی۔ 10 افراد زخمی ہوئے۔
گنجان آباد ٹنڈو میر محمود کی تنگ گلیوں میں دو منزلہ مکان میں آتشبازی کے سامان کا گودام بنایا گیا تھا۔ رات گئے گودام میں زور دار دھماکا ہوا اور مکان منہدم ہو گیا۔
عمارت میں آگ بھی لگ گئی جس نے ملحقہ گتے کے گودام کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو اہلکاروں اور فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹے امدادی کام جاری رکھا۔
مکان کے ملبے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا جبکہ ایک بچی کی لاش ملبے سے برآمد کر لی گئی۔
میئر حیدر آباد طیب حسین بھی موقع پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آتشبازی کا گودام غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا تھا۔
سول ہسپتال میں زیر علاج تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ فائر بریگیڈ نے پانچ گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔