آبی ذخائر میں تخمینے سے 62 فیصد کم پانی آیا، چیئرمین ارسا
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس ہوا، چیئرمین ارسا راؤ ارشاد کی کمیٹی کو پانی کی صورتحال پر بریفنگ، اس سال آبی ذخائر میں تخمینے سے 62 فیصد کم پانی آیا۔
چیئرمین ارسا راؤ ارشاد نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو بریفنگ میں بتایا، خریف سیزن میں 17 فیصد قلت کا سامنا ہے، تربیلا میں تخمینے سے 20 فیصد کم پانی آیا، اس سال آبی ذخائر میں تخمینے سے 62 فیصد کم پانی آیا۔
ممبر ارسا سندھ نے چیئرمین ارسا کے اعدادوشمار پر اعتراض اٹھا دیا، کہا سندھ کو 17 کی بجائے 22 فیصد قلت کا سامنا ہے، یہ اعدادو شمار توڑ مروڑ کر بتائے جا رہے ہیں، ہمیں ہمارے کوٹے کا اضافی پانچ ہزار کیوسک پانی نہیں دیا جا رہا۔
چیئرمین ارسا نے کہا ہم ہر سال اوسط 280 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں ضائع کرتے ہیں، ڈیم بنائے جاتے تو یہ پانی استعمال کیا جا سکتا تھا، نئے ڈیمز نہ بنے تو صوبے آپس میں لڑتے رہیں گے۔
چیئرمین کمیٹی نواب یوسف تالپور نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کا آلودہ ترین دریا بن چکا ہے۔ سندھ حکومت اس حوالے سے کیا اقدامات کر رہی ہے؟ـ
سیکرٹری آبپاشی سندھ بولے آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، 20 سال کا کچرا ایک دن میں ختم نہیں ہو سکتا، فنڈز درکار ہیں۔