Saturday, July 27, 2024

آئی جی سندھ برطرفی کیس: ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے صوبائی حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیے

آئی جی سندھ برطرفی کیس: ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے صوبائی حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیے
April 27, 2017
کراچی (92 نیوز) آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے عدالت میں صوبائی حکومت کے خلاف شکایات کی بھر مار کردی ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بیان دیا کہ صوبائی حکومت نے آئی جی سندھ کو بے اختیار کردیا ہے جس سے پولیس کا مورال خراب ہورہا ہے رپورٹ کررہے۔ تفصیلات کے مطابق، آئی جی سندھ کی برطرفی کیس میں مقدمہ کس کروٹ بیٹھے گا کچھ معلوم نہیں لیکن اہم موڑ آگیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے عدالت میں صوبائی حکومت کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کہتے ہیں سندھ پولیس بغیرسربراہ کے کام کررہی ہے۔ آئی جی کو کسی بریفنگ اور سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں نہیں بلایا جا رہا۔ انہیں بے اختیار کر کے کام سے روکا جا رہا ہے۔ جس کا براہ راست اثر سندھ کے امن وامان پر پڑ رہا ہے اور سندھ پولیس کا مورال بھی گر رہا ہے۔ مقدمے کو روزانہ کی بنیاد پرچلایا جائے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا صوبائی حکومت پر سنگین الزام ہے ہمیں دفاع کا موقع دیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بیان پر جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ معاملہ نہایت سنگین ہے آپ اس معاملے پرعلیحدہ درخواست دیں ہم حکم جاری کرینگے۔ درخواست گزار بیرسٹر فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس کو بااختیار اور غیرسیاسی ہونا چاہیے اور اس کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ عدالت نے آئی جی سندھ کوکام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت دو مئی تک ملتوی کردی۔