آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے قرض کی آٹھویں قسط کی منظوری دیدی
اسلام آباد (92نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آٹھویں قسط کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان کو اگلے ہفتے 50 کروڑ ڈالر کی رقم مل جائے گی۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس نے واشنگٹن میں پاکستان کو قرض کی آٹھویں قسط جاری کرنے کی منظوری دی۔ آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے آٹھویں جائزہ مشن کی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کو خصوصی حقوق کے تحت قرض کی منظوری دی ہے۔
آٹھویں جائزہ مشن کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کو 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اگلے ہفتے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوجائیں گے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
سال 2013ءمیں غیرملکی ادائیگیوں کے دباﺅ کو دیکھتے ہوئے آئی ایم ایف نے مجموعی طور پر پاکستان کے لیے 6.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی جس میں سے اب تک ساڑھے چار ارب ڈالر سے زائد پاکستان کو مل چکے ہیں۔