Sunday, October 2, 2022

آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں سردی کی شدت بڑھنے لگی۔ قلات، اسکردو اور گوپس میں پارہ منفی پانچ تک گر گیا۔ ٹھنڈ نے ہر شے جما کر رکھ دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
ملک کے اکثر علاقوں میں آہستہ آہستہ سردی نے پنجے گاڑھنے شروع کر دیئے ہیں۔ شمالی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قلات میں تو سردی نے معمولات زندگی کو جامد کر کے رکھ دیا ہے۔
سائیبریا میں چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نے بھی قلات کا رخ کر لیا اور درجہ حرارت کو منفی پانچ تک گرا دیا ہے۔
اسکردو اور گوپس میں بھی پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر کر منفی پانچ تک پہنچ گیا جبکہ گلگت، کالام، اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بارش کا بھی امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔