2022میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا، فواد چودھری کا اعلان

پہلا پاکستانی خلا فواد چودھری اعلان 2022
۲۵ جولائی, ۲۰۱۹ ۶:۴۷ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بڑا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا 2022 میں پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا، پہلے مرحلے میں 50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے۔

وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پہلے پاکستانی خلا باز کے انتخاب کا طریقہ کار اگلے سال 2020 سے شروع ہو رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے۔ ان میں سے 25 افراد حتمی مرحلے میں جائیں گے اور 2022 میں ‘انشاللہ پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا اور یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے تاریخ ساز اقدام ہو گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال 25 اکتوبر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ حکومت نے پہلے پاکستانی خلاباز کو خلاء میں بھیجنے کی منظوری دے دی ہے اور خلائی پروگرام کے تحت پہلا پاکستانی آئندہ 4 سالوں کے اندر خلاء میں بھیجا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا  پہلا پاکستانی شخص فضائی تحقیقات سے متعلق کام کرنے والے چینی ادارے ‘چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے تعاون سے خلاء میں جائے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز