گھر میں آتشزدگی سے دلہن سمیت 4 سہیلیوں کے دم گھٹنے کے واقعہ کی تحقیقات مکمل

آتشزدگی ‏ راولپنڈی ‏ ‏92 نیوز طارق غنی ‏ ثنا طارق
۰۲ جولائی, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۰ دن

راولپنڈی ( 92 نیوز)راولپنڈی میں  شادی سے دو روز قبل گھر میں آتشزدگی سے دلہن سمیت 4 سہیلیوں کے دم گھٹنے کے واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں ۔رپورٹ میں ذمہ داران ریسکیو افسران کو بچا لیا گیا۔

رواں سال 15 جنوری کو راولپنڈی کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ممتاز تاجر طارق غنی کا ہنستا بستا گھر جہاں شادی کے شادیانے بج رہے تھے۔ چند منٹوں میں ماتم کدہ بن گیا ۔

گھر میں آتشزدگی  نے طارق غنی کی بیٹی ثنا   جس کی دو روز بعد شادی تھی سمیت چار لڑکیوں کے خواب خاکستر کر دئیے ۔

جاں بحق ہونے والیوں میں نئی زندگی کے خواب آنکھوں میں سجائے 24 برس کی ثنا طارق ، 22 برس کی نیناں  ، 25 برس کی مناہل اور 14 برس کی حنا شامل تھیں۔

لرزہ خیز واقعہ بارے میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے دلہن کے چچا ناصر چودھری نے ریسکیو 1122 کے عملے کی غفلت اور سستی کو سانحے کا ذمہ دار قرار دیا تھا ۔

چینل 92 نیوز اور اہل علاقہ نے معاملہ اٹھایا تو ضلعی انتظامیہ نے جلد تحقیقات کا وعدہ کر لیا جو پانچ ماہ کے بعد وفا ہوا ۔ تحقیقات میں ریسکیو 1122 کی غفلت ثابت ہوئی تاہم ذمہ داران سنئیر افسران کو بچا لیا گیا ۔

جاں بحق ہونے والی دلہن سمیت چاروں لڑکیوں کے لواحقین نے تحقیقاتی رپورٹ کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔

اہل محلہ کا کہنا ہے ریسکیو 1122 کی ٹیم بروقت آپریشن کرکے جانیں بچا سکتی تھی لیکن تاخیر سے پہنچی جبکہ گاڑیوں میں آگ بجھانے کیلئے پانی بھی نا کافی تھا ۔

لواحقین اور اہل محلہ کا کہنا ہے معصوم بچیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔ انتظامیہ واقعہ کی ٹھوس تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی درج کرے۔ تاکہ آئندہ مہندی سجے ہاتھ ، کفن کی زینت نہ بنیں ۔

تازہ ترین ویڈیوز