گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک


۲۰ جنوری, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۹ دن

 گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ساہیوال واقعہ کے بعد سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کاشف اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی  نے دعویٰ کیا ہے کہ  مارے گئے دہشتگرد ساہیوال میں مرنے والے ذیشان کے ساتھ تھے۔ ہلاک دہشتگردوں نے لاہور میں واقع ذیشان کے گھر میں پناہ لے رکھی تھی اور ساہیوال میں اس کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی فرار ہو گئے۔ ذیشان کے گھر سے مفرور دہشتگردوں کا حساس اداروں کی مدد سے سراغ لگایا گیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ سی ٹی ڈی دیگر حساس اداروں کے ساتھ مل کر ایک سال سے ان دہشتگردوں کا سراغ لگا رہی تھی۔

ساہیوال واقعے کے حوالے سے سی ٹی ڈی نے تسلیم کیا کہ خلیل کی فیملی کو ذیشان سے متعلق کچھ معلوم نہیں تھا۔ ذیشان کا مقصد متاثرہ فیملی کی مدد سے دھماکہ خیزمواد خانیوال پہنچانا تھا۔

ساہیوال کے قریب ذیشان کے ہمراہ موٹرسائیکل سوار دہشتگرد بھی موجود تھے۔

تازہ ترین ویڈیوز