گرمی اور حبس نے اہلیان کراچی کے پسینے چھڑا دیے

گرمی ‏ حبس ‏ اہلیان کراچی ‏ پسینے ‏ ‏92 نیوز
۰۸ ستمبر, ۲۰۱۹ ۶:۱۹ شام

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں کچھ دن سے گرمی اور حبس نے ایسی انٹری دی ہے کہ شہریوں کے پسینے نکال دیے ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق 11 ستمبر تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی  اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے ۔

کراچی میں مون سون بارشوں کو بریک لگ گئی  ، لیکن چوتھے راؤنڈ کے بعد موسم کے تیور ہی بدل گئے سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کردی جس سے شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا۔

کراچی والوں پر گرمی  نے پلٹ کر وار کیا تو دن میں تارے دکھادیے  ، سخت دھوپ اور گرم موسم نے شہریوں کو نئے امتحان میں ڈال دیا  ۔ سنڈے کو فنڈے بنانے کیلئے سمندر کنارے آنے والوں کے بھی

پسینے چھوٹ گئے  اور سمندری ہوائیں بند ہونے سے تفریح کا مزہ کر کرا ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں متاثر ہورہی ہیں  جس سے اہلیان کراچی  کو 11 ستمبر تک گرمی برداشت کرنی پڑے گی ۔

دوسری جانب کراچی میں بارشوں کے بعد مکھیوں اور مچھروں  نے بھی سر اٹھالیا  ، ڈائریا اور گیسٹرو جیسے امراض نے شہریوں کا جکڑلیا ہے  ، جس کے متاثرہ شہری اسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ۔

طبی ماہرین کے مطابق بارشوں کے بعد شہر میں اسپرے نہ ہونے اور اچانک گرمی بڑھنے سے بیماریاں بڑھ گئیں  اور مختلف اسپتالوں میں روزانہ ایک ہزار مریض رپورٹ ہورہے ہیں ۔

شہریوں کا کہنا ہے حکومت کچھ کرے یا نہ کرے، کم از کم اسپرے کرواکر مچھروں اور مکھیوں کا خاتمہ ضرور کرے ۔

تازہ ترین ویڈیوز