کھوئی رٹہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں بنیادی سہولیات کا فقدان


THQ Khoi Ratta
24 ستمبر, 2020 10:40 دن

کھوئی رٹہ ( 92 نیوز) کوٹلی آزاد کشمیر کی تحصیل کھوئی رٹہ  کےتحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال میں صحت کی بنیادی سہولیات کا فقدان ،اسپتال میں میڈیکل اسپیشلسٹ ہے نہ ہی سرجن کی پوسٹ ہے ۔

کوٹلی آزاد کشمیر کی تحصیل کھوئی رٹہ  کا تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال انتہائی اہمیت کا حامل ہے سابق پیپلز پارٹی کی حکومت  نے رورل ہیلتھ سینٹر کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز کا درجہ تو دلادیا مگر موجودہ حکومت کی جانب سے اسپتال میں خاطرخواہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ۔

حالیہ بجٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کی نئی عمارت کے لیے 17 کروڑ روپے مختص کیے گئے مگر عمارت جوں کی توں ہی ہے۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں میڈیکل سپیشلسٹ اور سرجن ڈاکٹر کی پوسٹ تک  نہیں۔ ایک گائنی کالوجسٹ اور ڈینٹل سرجن موجود ہیں ۔ ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ کی مشینیں ناکارہ ہوچکی ہیں ، الٹراساؤنڈ مشین بھی اکثرخراب رہتی ہے۔

آپریشن تھیٹر میں کسی قسم کی سہولیات نہیں، مریضوں کا کہنا تھا کہ یہاں پر صرف فرسٹ ایڈ کی ٹریٹمنٹ دے کر کوٹلی ریفر کر دیا جاتا ہے ،ایمبولینس  میں آکسیجن کٹ تک موجود نہیں نیشنل پروگرام برائے خاندانی منصوبہ بندی کی گاڑیاں بھی  بوسیدہ ہو گئی ہیں۔اسپتال میں صحت کی سہولیات کے فقدان پر شہری سخت نالاں ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تحصیل ہیڈ کوارٹر کے مسائل کوہنگامی بنیادوں پر حل کرے تاکہ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر ہوسکیں۔

تازہ ترین ویڈیوز