کورونا کے باعث دنیا بھر میں ایک ارب 25 کروڑ لوگوں کے روزگار کو خطرہ ، آئی ایل او


کورونا ، دنیا ، کم از کم ، ایک ارب 25 کروڑ ، لوگوں ، روزگار ، خطرہ ، آئی ایل او
۰۸ اپریل, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۹ دن

 برن (92 نیوز) مزدوروں کی عالمی تنظیم آئی ایل او نے خبردار کر دیا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں کم از کم ایک ارب 25 کروڑ لوگوں کے روزگار کو خطرہ ہے۔

کورونا کی وبا سے انسانی جانوں کے ساتھ روز گار بھی خطرے سے دو چار ہے۔ مزدوروں کی عالمی تنظیم آئی ایل او نے سنگین صورتحال سے آگاہ کر دیا۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی چشم کشا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث انیس کروڑ پچانوے لاکھ افراد کے  بے روزگار ہونے  کا خدشہ ہے۔ سب سے زیادہ روزگار کی کمی ایشائی ممالک میں بارہ کروڑ پچاس لاکھ تک ہوسکتی ہے۔ یورپ میں ایک کروڑ بیس لاکھ اور عرب ممالک میں پچاس لاکھ تک افراد کے بے روزگار ہونے کا خطرہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں متوسط  آمدنی والے دس کروڑ افراد  سب سے  زیادہ متاثر ہوں گے جو کہ دو  ہزار آٹھ کے مالی بحران سے کئی گنا زیادہ ہے۔ جن  شعبوں کو  سب سے زیادہ خطرہ ہے ان میں فوڈ، مینوفیکچرنگ اور  ریٹیل شامل ہیں ۔

مزدوروں کی عالمی تنظیم کے  ڈائریکٹر جنرل گائے رائیڈر  کا کہنا تھا کورونا سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں طرح کے ممالک میں کاروبار اور مزدوروں پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں جن سے نمٹنے کیلئے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے ۔

تازہ ترین ویڈیوز

Oops, something went wrong.