کورونا وبا کے باوجود شہر شہر پھل اورسبزی منڈیوں میں خرید وفروخت جاری


کورونا وبا ، شہر شہر ، پھل ، سبزی منڈیوں ، خرید وفروخت
۲۶ مارچ, ۲۰۲۰ ۱۲:۳۰ شام

 کراچی (92 نیوز) کورونا وبا کے باوجود شہر شہر پھل اور سبزی منڈیوں میں خرید وفروخت عروج پر ہے۔ منڈیوں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے مگر سبزی اور پھل منڈیوں میں بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے خریدوفروخت جاری ہے۔ ایک طرف شہری انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے میں ناکام ہے تو دوسری جانب منڈیوں میں آنے والے خریدار کورونا وائرس سے غافل ہیں۔

کراچی میں پاکستان کی سب بڑی نیوسبزی منڈی میں کرونا سے حفاظت کے انتظامات نہ مکمل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے بغیر خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ منڈی میں مزدوروں نے ماسک لگائے اور نہ ہی دستانے پہنے ہیں۔ مزدوروں کو ماسک لگانے بارے آگاہی ہی نہیں۔

حیدرآباد انتظامیہ بھی منڈی میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے۔ سکھر کی سبزی منڈی میں بھی شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بیوپاری اور شہری ماسک اور دستانوں کے بغیر خریدوفروخت میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد کی سبزی منڈی میں بغیر حفاظتی اقدامات کے خرید و فروخت اور سبزی منڈی میں بغیر چیکنگ لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ منڈی میں ماسک اور سینٹائزر کا استعمال بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

لاہور کی سبزی منڈیوں میں بھی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات صفر ہیں۔ سبزی منڈی میں شہریوں کی کثیر تعداد موجود ہے لیکن ماسک چند ایک افراد کے سوا کسی نے نہیں پہنا۔

کبیروالا سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کی سبزی منڈیوں میں بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ درجنوں افراد ماسک اور دستانے پہنے بغیر ہی منڈی میں خریداری میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز