کشمیریوں پر تاریخی حملہ ہوا، وزیراعظم کہتے ہیں میں کیا کروں، بلاول

کشمیریوں ، تاریخی حملہ ، وزیراعظم، میں کیا کروں، بلاول، سیہون شریف ،92 نیوز
۲۹ ستمبر, ۲۰۱۹ ۶:۳۱ شام

سیہون شریف (92 نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان پر کشمیر کا کیس کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت سڑکوں پر عوام کو کھڑا تالیاں بجواتی ہے، کشمیری بہن بھائیوں پر تاریخی حملہ ہوا اور وزیراعظم کی بے بسی دیکھیں وہ کہتے ہیں میں کیا کروں، اس پر عوام مایوس ہوئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سے سیہون شریف میں دوران گفتگو صحافی نے سوال کیا عمران خان کا موازنہ بھٹو سے کیا جارہا ہے اس پر بلاول بولے کاش ایسا ہوتا۔ خان صاحب کو پوری تقریر کشمیر پر کرنا چاہیے تھی۔ سلیکٹڈ حکومت کی تعریف ہو رہی ہے، کشمیر 50 دن سے جیل بنا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم کو اپنی تقریر کا فوکس اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ہونا چاہیے تھا، وزیراعظم نے حملے کے دن سے آج تک کتنے ممالک کا دورہ کیا؟،وزیراعظم بے بسی سے کہیں میں کیا کروں ،تو عوام مایوس ہوتے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا خان صاحب کو زور دینا چاہیے تھا کہ کشمیر مقبوضہ علاقہ ہے، متنازع اسٹیٹس پر بات نہیں کریں تو سمجھا جائے گا کہ کمپرومائز ہے، عوام کشمیر پر کسی بھی کمپرومائز کو تسلیم نہیں کریں گے، کشمیریوں پر تاریخی حملہ ہوا ہے، ہم کشمیری بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام کا عمل چل رہا ہے، پاکستان کی قیادت کشمیر پر بڑا کردار ادا کر سکتی ہے، پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں، قومی اسمبلی کے فلور پر کہتے ہیں کہ ہمیں بھارتی اقدام کا پتہ تھا،بھارتی اقدام کاپتہ تھا تو پھر کیوں کچھ نہیں کیا گیا؟۔

 

مولانا فضل الرحمان وہی مطالبے کررہیں جو پیپلزپارٹی کررہی ہے ،پاکستان کے ہر شہر اور گائوں میں جائوں گا، نااہل اور عوام دشمن حکومت نے پریشان کردیا ہے، اللہ کی مدد اور عوام کے تعاون سے حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

تازہ ترین ویڈیوز