کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کور کمانڈرز کا عزم


کور کمانڈرز مہم جوئی ڈی جی آئی ایس پی آر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جی ایچ کیو
07 مارچ, 2019 4:51 شام

 راولپنڈی (92 نیوز) کور کمانڈرز نے اس بات کا عزم کیا کہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی، مجموعی تذویراتی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت میں اضافے پر عسکری قیادت کا اظہار تشویش بھی آیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی مثبت راہ پر گامزن ہے۔ ہمیں کوئی بھی طاقت کے استعمال کی دھمکی یا خطرات سے بھٹکا نہیں سکتا۔ طاقت کے استعمال کی پالیسی صرف ریاست کا اختیار ہے۔

آرمی چیف نے پاک فوج کو نیشنل ایکشن پلان پر تیز تر عملدرآمد کے حکومتی فیصلے پر مکمل تعاون کی ہدایت کی۔

عسکری قیادت نے اتفاق کیا کہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتا بھارتی ظلم جلتی پر تیل کے مترادف ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بند کیا جائے۔

تازہ ترین ویڈیوز