کانگرس نے نیرو مودی کو نریندر مودی کا چھوٹا بھائی قرار دے دیا



رافیل ڈیل ، کانگرس ، نیرو مودی ، نریندر مودی، چھوٹا بھائی
۲۰ مارچ, ۲۰۱۹ ۹:۲۸ شام

نیو دہلی (92 نیوز) رافیل ڈیل میں مبینہ کرپشن کے بعد کانگریس 2 ارب ڈالر کا فراڈ کر کے بھاگنے والے نیرو مودی کو نریندر مودی کا چھوٹا بھائی قرار دے رہی ہے۔

 پی این بی گھوٹالہ کے کلیدی ملزم اور ہیروں کے بیوپاری نیرو مودی کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد اس کو ویسٹ منسٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

 نیرو مودی کی گرفتاری کے بعد یہ امید کی جارہی ہے کہ اسے ہندوستان کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیرو مودی لندن کے ویسٹ اینڈ میں 80 لاکھ پاؤنڈ کے عالی شان گھر میں  رہ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں نیرو کو لندن کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

پنجاب نیشنل بینک کو 11,400 کروڑ  روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کے مقدمہ میں زیورات کے ارب پتی تاجر نیرو مودی اور ان کے گروپ کے خلاف بھارتی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 21 جائیدادوں کو قرق کیا تھا  جن کی مجموعی مالیت 523 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

 مودی سرکار نیرو مودی کی گرفتاری پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی پہلے ہی نیرومودی کو نریندر مودی کا چھوٹا بھائی قرار دے چکے ہیں۔

 اس سے قبل کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی بھی نیرومودی کی ویڈیو آنے پر مودی سرکار پر تنقید اور طنز کے نشتر چلا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیرو مودی لندن میں 10 ہزار پاؤنڈ کی جیکٹ پہن پرعیاشی کر رہا ہے۔ مودی صاحب کدھر ہیں ، انہیں پکڑ کر کیوں نہیں لاتے۔

 نیرومودی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ مودی نے نیرو مودی کو خود بھارت سے بھگایا تھا۔ اب الیکشن میں فائدہ حاصل کرنے کے لئے بھارت لایا جارہا ہے۔ الیکشن کے بعد پھر اسے لندن بھیج دیا جائے گا۔



تازہ ترین ویڈیوز