ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 2 افراد جاں بحق

۲۴ اگست, ۲۰۱۹ ۸:۱۱ دن

 ڈیرہ اسماعیل خان (92 نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن کلاں میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

امن دشمنوں نے رات کی تاریکی میں ڈیرہ اسماعیل خان کو ایک بار پھر نشانہ بنایا۔ رات گئے تحصیل درابن میں درازندہ موڑ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر شرپسندوں نے دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے دوشہری جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں چیک پوسٹ کے قریب واقع پٹرول پمپ کا گارڈ نقیب موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ملازم سمیع اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ حملے میں پٹرول پمپ کا ایک اور ملازم پیر محمد اور شہری بنگلو خان زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد آٹھ تھی۔ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ واقعے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ درابن کے علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ پہاڑی راستے پر بھی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز