چین میں کرونا سے مزید 44 افراد ہلاک، کل تعداد دو ہزار آٹھ سو اٹھاون ہو گئیں


کرونا ، چین ، مزید 98 افراد ہلاک ، مجموعی اموات 1873 ، چینی ماہرین ، ووہان ، 92 نیوز
۲۸ فروری, ۲۰۲۰ ۸:۱۶ دن

 بیجنگ (92 نیوز) کرونا کے خطرناک وار رک نہ سکے ۔ چین میں مزید 44 افراد ہلاک ہو گئے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں دو ہزار آٹھ سو اٹھاون ہو گئیں۔

کرونا وائرس چین سمیت پوری دنیا کے لیے بھیانک خواب بن گیا۔ آئے روز ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔

ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جمعہ کے اجتماعات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ ایران میں وائرس سے 19 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 139 مریضوں کا علاج جاری ہے۔ کئی سرکاری حکام بھی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

اٹلی میں کرونا وائرس سے مزید 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو چکی ہے جب کہ وائرس کے اب تک 650 کیس سامنے آ چکے ہیں۔

نیدرلینڈ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ حکام کے مطابق وائرس کا شکار شخص نے حال ہی میں اٹلی کا سفر کیا تھا۔ فرانس میں بھی وائرس کے مزید کیس سامنے آ گئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کرونا وائرس کے مزید 33 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ گورنر گیون نیوسوم کے مطابق 33 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جب کہ 5 افراد ریاست سے جا چکے ہیں۔ کمرشل فلائٹس سے آنے والے 8400 مسافروں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔

وائرس کی وجہ سے عالمی اسٹاک مارکیٹوں کو چھٹے دن بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکا اور یورپ میں انڈیکس 10 فیصد سے زیادہ گر گئے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں معاشی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبرییسس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ’فیصلہ کن نقطے‘ پر پہنچ چکی ہے اور عالمی وبا بن سکتی ہے۔ انھوں نے حکومتوں سے اس وائرس کے خلاف فوری اور ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز