پی ایس ایل ، کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے ہرا کر پلے آف کے لیےکوالیفائی کر لیا



۱۱ مارچ, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۸ دن

کراچی (92 نیوز) کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیےکوالیفائی کر لیا۔

احمد شہزاد کے 99رنز بھی کوئٹہ کو جیت نہ دلا سکے، عثمان شنواری نے آخری اوور میں تین وکٹیں لے کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔ 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کے اوپنرز نے  68رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شین واٹسن 20رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 85رنز کے مجموعی اسکور پر رئیلی روسو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد اور عمر اکمل نے 45 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کو جیت کی امید دلوائی، 130 رنز کے مجموعی اسکور پر عمر اکمل کے آؤٹ ہونے پر کوئٹہ کی بیٹنگ مشکلات کا شکار نظر آئی۔ احمد شہزاد نے کراچی کے باؤلرز کے سامنے مزاحمت جاری رکھی اور 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں عثمان شنواری نے تین وکٹیں لے کر کوئٹہ کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، اور کراچی کنگز نے ایک رن سے فتح حاصل کی۔

کراچی کے عثمان شنوار ی اور  عمر خان نے تین ،تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 190رنز اسکور کیے،،بابر اعظم 56اور افتخار احمد 44رنز بنا کر نمایاں رہے۔

کوئٹہ کے محمد حسنین نے دو اور سہیل تنویر اور محمد نواز نے ایک ،ایک وکٹ حاصل  کی۔



تازہ ترین ویڈیوز