پی ایس ایل فور ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز سے شکست

پی ایس ایل فور
۲۵ فروری, ۲۰۱۹ ۱۲:۳۰ دن

شارجہ ( 92 نیوز) پی ایس ایل فور  میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے دی ،کولن انگرم نے 127رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پی ایس ایل فور   میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مسلسل کامیابیوں کو بریک لگا دی ، سرفراز الیون کو ٹورنامنٹ میں پہلی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

کولن انگرم کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز نے کوئٹہ کو 6وکٹوں سے مات دے دی، کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ کو بیٹنگ کی دعوت دی، سرفراز الیون نےمقررہ 20اوورز میں 186رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کے عمر اکمل نے55اور ریلی روسو44رنز بنا کر نمایاں رہے، انور علی نے 6گیندوں پر 27رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، کراچی کے عامر یامین نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کراچی کنگز 187رنز کے ہدف کے تعاقب میں  آغاز اچھا نہ کر سکی اور 4رنز کے مجموعی اسکور پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، 54رنز کے مجموعی اسکور پراویس ضیا 19رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

دوسرے اینڈ پر کھڑے کولن انگرم نے  مزاحمت جاری رکھی اور 59گیندوں پر 127رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 6وکٹوں سے فتح دلائی۔

کولن انگرام

کولن انگرم پی ایس ایل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے،کوئٹہ کی جانب سے سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

کولن انگرم کو 127رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تازہ ترین ویڈیوز