پی ایس ایل، لاہور قلندرز کا ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ


پی ایس ایل ، آج ، لاہور قلندرز ، ملتان سلطانز ، کراچی کنگز ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، جوڑ پڑیگا ، لاہور ، 92 نیوز
15 مارچ, 2020 1:38 شام

لاہور (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرلیا۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے اسد شفیق کو جبکہ لاہورقلندرز نے فیضان کی جگہ فرزان راجہ کو ٹیم میں شامل کیا۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو میں کہنا تھا کہ میچ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے، جیت کا تسلسل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر بولے کہ ملتان سلطانز کو کم سے کم اسکورپر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ کوشش ہوگی ملتان سلطانز کیخلاف اچھی باؤلنگ کریں، شاہد آفریدی، سہیل تنویر،عمران طاہر کو ریسٹ دیا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں روحیل نذیر، ذیشان اشرف، اسد شفیق، خوشدل شاہ، شان مسعود، معین علی، روی بوپارہ،علی شفیق، عثمان قادر، بلاول بھٹی اور جنید خان شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی پلیئنگ الیون میں فخرزمان، سہیل اختر، کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈویزے، شاہین آفریدی، حارث رؤف، فرزان راجہ، دلبر حسین شامل ہیں۔

سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے لاہور قلندرز کو میچ لازمی جیتنا ہوگا۔

آج دوسرا میچ شام 7 بجے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کا پلڑا بھاری ہے، کراچی پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے، دوسری طرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7پوائنٹس حاصل کر کے آخری نمبر پر ہے اور آج کے میچ میں فتح اس کے لیے ضروری ہے۔

پی ایس ایل میں آج کے میچ کے بعد سیمی فائنل مرحلہ شروع ہوگا، پی سی بی نے پلے آف مرحلے کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے آج کے میچ بھی شائقین کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں ہونگے۔

تازہ ترین ویڈیوز