پہلے ہی بتا دیا تھا کہ نواز اور زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ، فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات ، فواد چودھری ، نواز ، زرداری ، سیاست
۲۱ مارچ, ۲۰۱۹ ۶:۵۲ شام

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پاکستان میں صرف دو خاندانوں نے ترقی کی۔ پہلے ہی کہتا تھا نواز اور زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

 عالمی یوم جنگلات کے موقع پر جہلم میں چھبیس ہزار پودے ایک ساتھ لگانے کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے تین سو کنال اراضی پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ ہزاروں طلبہ وطالبات، اساتذہ ،محکمہ جنگلات کے افسران اور ملازمین نے حصہ لیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری کی نواز اور زرداری خاندان پر تنقید سامنے آئی ۔ بولے پہلے ہی کہتا تھا نواز اور زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ، اب انکی اولادیں بھی مان رہی ہیں۔ مریم نواز کی پریشانی سمجھ میں آرہی ہے ، یہ باہر نہیں جا پا رہے۔ دو خاندانوں کا پاکستان میں مستقبل تاریک ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں پاکستان میں صرف دو خاندانوں نے ترقی کی۔ ان دو خاندانوں کا پاکستان کی ترقی میں کوئی حصہ نہیں ہے۔ دو سپوتوں کو شوق پورا کرلینے دیں، ان کی سیاست بھی ختم ہو چکی ہے۔

 فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بھارت کا عدالتی نظام دہشت گردوں کیلئے ڈرائی کلین سسٹم بن گیا ، سمجھوتہ ایکسپریس کے مجرموں کو بری کرنا قابل مذمت ہے۔ بھارتی عدالتیں انتہاپسندی کو فروغ دے رہی ہیں۔ دہشت گردوں کو بری کرنا بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر تمانچہ ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز