پہلا ون ڈے، پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 47رنز سے شکست

۰۸ نومبر, ۲۰۱۸ ۹:۱۶ دن

دبئی (92 نیوز) نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں سرفراز الیون کو47 رنز سے شکست دے دی۔ 267رنز کے ہدف میں پاکستانی ٹیم 219بنا سکی۔

ٹرینٹ بولٹ نے تیسرے اوور میں تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ان فارم بیٹسمین بابر اعظم،فخر زمان اور محمد حفیظ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

8 رنز کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور امام الحق کی 63رنز کی شراکت داری نے ٹیم کا اسکور 71رنز تک پہنچا دیا۔ امام الحق 34اور شعیب ملک 30رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم کی 103رنز کی پارٹنرشپ نے  جیت کی امید دلائی۔ لیکن کپتان سرفراز کے آؤٹ ہونے پر پوری ٹیم 219رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان سرفراز احمد  64اور عماد وسیم 50رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور فرگوسن نے تین ،تین شکار کیے۔

اس سے پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 266رنز اسکور کیے۔ راس ٹیلر 80اور ٹام لیتھم 68رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے چار،چار وکٹیں حاصل کیں۔

شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے  پر ٹرینٹ بولٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا،،،کیویز کو تین میچوں کی سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔

 

تازہ ترین ویڈیوز