پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں ، خیبرپختونخوا میں بھی ابر کرم برسا

پنجاب ‏ طوفانی بارشیں خیبرپختونخوا ابر کرم لاہور ‏ ‏92 نیوز شیخوپورہ ‏ گوجرانوالہ ‏ ابرکرم ‏ شہر قائد ‏ بادلوں کی انٹری ‏ ملیر ‏ گرمی ‏ حبس
۱۱ جولائی, ۲۰۱۹ ۱۲:۱۱ شام

لاہور ( 92 نیوز) لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی ابرکرم برس پڑا، شہر قائد میں بادلوں کی انٹری ہوئی  جب کہ ملیر سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

گرمی اور حبس سے ستائے شہریوں کی دعائیں رنگ لے آئیں ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برس پڑے، برکھا رت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہوائیں چلنے سے حبس  میں بھی کمی ہوئی ۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے جل تھل ایک ہوگیا ، باغوں کے شہر میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہی ، ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی سے شہریوں کو چھٹکارا دلا دیا، شہر میں آج  مزید بادل برسنے کا امکان ہے ۔

فیصل آباد کی فضاؤں پر بھی بادلوں کا راج ہے ،تیز ہوائیں چلنے سے موسم سہانا ہوگیا ۔  گوجرانوالہ، شیخوپورہ، شرقپور شریف اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

حافظ آباد، صفدرآباد اور مرید کے سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل خوب برسے، جہلم میں طوفانی بارش کے بعد بجلی غائب ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں بھی بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ، مردان اور مالاکنڈ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں برسات سے گرمی رفو چکر ہوگئی۔

کراچی میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور بہادر آباد سمیت  مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار  ہے ،  شہر قائد میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہےگا۔

تازہ ترین ویڈیوز