پشاور ، عید کی چھٹیاں ختم مگر سرکاری ملازمین دفتر نہ پہنچے

عید ‏ چھٹیاں ختم ‏ سرکاری ملازمین ‏ پشاور ‏ ‏92 نیوز دفاتر ویران
۱۷ اگست, ۲۰۱۹ ۸:۵۲ شام

پشاور ( 92 نیوز) عام لوگوں کی   عید کی چھٹیاں ختم ہوگئیں لیکن سرکاری ملازمین کی عید ختم نہ ہوئی ،عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے دوسرے روز بھی پشاور میں سرکاری دفاتر ویران رہے، کہیں تو دفاتر کے تالے بھی نہ کھل سکے، سرکاری ملازمین نے صوبائی حکومت کے احکامات عید کی خوشیوں میں اڑا دیے ۔

عید کی چھٹیاں تو ختم ہوگئیں مگر سرکاری ملازمین کی موج مستیاں ختم نہ ہوئیں، عید کے بعد سرکاری دفاترجمعہ کے روز کھل گئے لیکن سرکاری ملازمین کی اکثریت مسلسل دوسرے روز بھی غیرحاضررہی، پشاور میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے دفاتر ہوں یا ضلع ناظم اور ٹی ایم اوز کے دفاتر ، ہرطرف ہو کا عالم رہا۔

صوبائی حکومت کے اعلان کے مطابق ہفتہ کے دن کی چھٹی منسوخ کی گئی تو سرکاری ملازمین نے یہ حکومتی احکامات بھی عید کی خوشی میں اڑا دیے ، اکا دکا موجود ملازمین بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے یا پھر چائے اور قہوہ کی محفلیں سجا کرخوش گپیوں میں مصروف رہے۔

جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی کرنے والے سرکاری ملازمین اتوار کی چھٹی بھی منائیں گے اس طرح حکومتی احکامات کی پرواہ نہ کرنے والے ملازمین کی پورے نو دن موج ہوگئی۔

تازہ ترین ویڈیوز