پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی


پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ، اینٹی نارکوٹکس فورس ، مشترکہ آپریشن ، مقدار ، منشیات ، برآمد
۱۲ نومبر, ۲۰۱۹ ۵:۴۵ شام

 کراچی (92 نیوز) پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے مشترکہ آپریشن میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔

 پاک بحریہ ،پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ طور پر بلوچستان کے علاقے جیونی کے قریب پشو کان میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران 241 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلو گرام حشیش برآمد کرلی ۔

منشیات ایک مشکوک سپیڈ بوٹ میں سوار مشتبہ اسمگلرز سے برآمد کی گئی جنہیں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔

برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریبا 2410 ملین پاکستانی روپے ہے۔ برآمد کی گئی منشیات مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹس فورس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

انسداد منشیات کے مسلسل کامیاب آپریشنز اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی برآمدگی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی بہترین منصوبہ بندی اور سمندری علاقوں کی مستقل نگرانی کا نتیجہ ہے۔ ساحلی اور دیگر سمندری علاقوں میں امن و امان کا قیام اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا وسیع بحری بیڑہ ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی مستقبل میں بھی سمندری اور اس سے منسلک ساحلی علاقوں میں قومی اور بین الاقوامی مفادات کا تحفظ اور قانون کا مکمل نفاذ یقینی بناتی رہے گی۔

تازہ ترین ویڈیوز