Wednesday, March 3, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پاکستان فیٹف سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان فیٹف سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے ، شاہ محمود قریشی
November 3, 2020
اسلام اباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان فیٹف سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کے امور خارجہ کے سربراہ اور کمیشن کے نائب صدر جوزف بوريل کی مشترکہ صدارت بذریعہ ویڈیو لنک ہوئی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور یورپی یونین کے مابین کثیر الجہتی ،دو طرفہ تعلقات موجود ہیں ۔ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مختلف باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں اعلی سطحی روابط کا تسلسل، خوشگوار دو تعلقات کا مظہر ہیں۔ فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین گذشتہ برس طے پانے والے "اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان" پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دوران اجلاس کرونا عالمی وبائی صورتحال اور اس وبا کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے محدود معاشی وسائل کے باوجود سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے ذریعے کرونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔ کرونا عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر کمزور معیشتوں کی معاشی بحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے قرضوں کی ادائیگی پر سہولت کی تجویز دی تھی جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت پر یورپی یونین کے سربراہ برائے امور خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔ شاہ محمود قریشی بولے کرونا عالمی وبائی چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پاکستان میں غریب طبقے کی معاشی معاونت کیلئے شروع کیے گئے احساس پروگرام کے خدوخال اور اس پروگرام سے حاصل ہونے والے حوصلہ افزا نتائج پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے "کلین گرین پاکستان" پروگرام کا آغاز کیا ۔ وزیر خارجہ نے اپنے یورپی ہم منصب کو بعض یورپی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔ دوران اجلاس افغانستان میں قیام امن کیلئے جاری کاوشوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کیلئے اہم سنگ میل قرار دیا۔