پاکستانی قوم جدوجہد آزادی کشمیر کے مجاہد کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 71 واں یوم شہادت آج منا رہی ہے

پاکستانی قوم جدوجہد آزادی کشمیر مجاہد کیپٹن راجہ محمد سرور شہید 71 واں یوم شہادت
۲۷ جولائی, ۲۰۱۹ ۲:۲۶ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستانی قوم گلگت بلتستان کے محافظ اور جدوجہد آزادی کشمیر کے صف اول کے مجاہد کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 71 واں یوم شہادت آج منا رہی ہے۔

کیپٹن راجہ محمد سرور شہید 10نومبر 1910ء کو گوجر خان میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد گرامی راجا حیات خان فوج میں حوالدار تھے۔ سرور بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھے۔ فیصل آباد سے میٹرک کیا اور اپریل 1929ء میں بحیثیت سپاہی برطانوی فوج میں شامل ہوئے۔

دوسری جنگ عظیم میں برما کے محاذ پر کمال بہادری پر برطانوی تمغہ برما سٹار ملا۔ 1944ء میں انڈین ملٹری اکیڈمی ڈیرا دون سے بطور کپتان کمیشن حاصل کیا ۔ قیام پاکستان کے بعد ”تمغہ خدمت پاکستان“ اور کشمیر کے محاذ پر” تمغہ کشمیر آپریشن “ تفویض ہوا ۔

1948ء میں پاک آرمی کی پنجاب رجمنٹ کا حصہ بنے ۔ بحیثیت کمانڈنگ آفیسر سکینڈ بٹالین محاذ کشمیر پر جرات و بہادری کے ناقابل فراموش جوہر دکھائے۔ دشمن کو نہ صرف ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان پہنچایا بلکہ گلگت بلتستان سے لداخ کی جانب پسپا کیا اور دشمن کا تعاقب کرتے اُڑی پہنچے ۔

چھ جوانوں کیساتھ بھاری توپخانے کی شیلنگ اور مشین گن فائر میں خود خاردار تار کاٹی اور سپاہ کیلئے پیش قدمی کا محفوظ راستہ بنایا ۔ جب گنر شہید ہوا تو کیپٹن سرور نے خود مشین گن سنبھالی اور دشمن کے 40 فوجی واصل جہنم کیے ۔

کیپٹن راجا محمد سرور نے 27 جولائی 1948ء کو اُڑی کے مقام پر جام شہادت نوش کیا۔ پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز”نشان حیدر “حاصل کرنے والے پہلے آفیسر بنے۔ آپ کی آخری آرام گاہ اڑی مقبوضہ کشمیر میں واقع ہے ۔

تازہ ترین ویڈیوز