وفاقی کابینہ نے برطانیہ اور آئرلینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی

۰۸ نومبر, ۲۰۱۸ ۳:۲۷ شام

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے برطانیہ اور آئرلینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سمیت مختلف تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیا۔ اسد عمر نے چین کے ساتھ معاہدوں کی تفصیل سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ کابینہ نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔

وفاقی کابینہ کو وزیرمملکت داخلہ نے احتجاج میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔ کابینہ کو احتجاج سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے مختلف مقدمات میں ملزمان کو حفاظتی تحویل میں لینے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کوسٹ گارڈ سے متعلق معاہدے اور پاک سوڈان کے سیاحت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے معاہدے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے سیلولر کمپنی ہواوے کے ساتھ کمیونیکشین ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پروگرام کے معاہدے اور پاکستان اور نائجیریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے فروغ کی منظوری بھی دے دی ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کی توثیق بھی کر دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس نے نئی نجی ایئر لائن لبرٹی ائر کو لائسنس جاری کرنے اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے نئے چیئرمین کے تقرر کی منظوری بھی دے دی۔

وزارت خزانہ کے نئے ادارے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹو کے تقرر کی سمری اور اسٹیٹ بینک اور تاجکستان کے مرکزی بینک کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کی منظوری دے دی ۔

2017ء کی پارلیمنٹیرینز اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرنے   کی منظوری بھی دے دی۔

تازہ ترین ویڈیوز