وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا مولانا کے حلقے میں جلسہ کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر ، علی امین گنڈاپور ، مولانا ، حلقے ، جلسہ ، اعلان
۰۲ نومبر, ۲۰۱۹ ۲:۰۲ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے مولانا کے حلقے میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ انتخابی میدان میں مقابلے کا چیلنج بھی دے دیا۔

فضل الرحمٰن کے مطالبے پر حکومتی رہنما بھی میدان میں آگئے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا مولانا دوبارہ انتخابات جیت کر دکھائیں، اپنی سیٹ چھوڑ دونگا۔ مولانا کے حلقے میں دگنی طاقت کا مظاہرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا اپنی نشست ہارنے والا کس منہ سے وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہا ہے۔

ادھر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کنٹینر پر موجود اپوزیشن رہنماؤں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر غور کیا جائے تو اس وقت کنٹینر پر وہ پانچ خاندان ہیں جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے۔  اب وہ حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کے لیئے ریاست پاکستان پر حملہ آور ہیں ۔

اپنے تندوتیز بیانات سے خبروں میں رہنے والے فواد چودھری بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔ مارچ والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کریں، تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے ایک اشارے پر ان پانچ پیاروں اور ان کے چمچوں پر زمین تنگ کر دیں گے۔

فواد چودھری نے مزید لکھا کہ حلوہ مارچ کی وجہ سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا ہے، صفائی کیلئے CDA کو کروڑوں روپے کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے ٹویٹ داغا کہ ابو بچاو، اقامہ چھپاؤ، کمیٹی دلاؤ اور کرپشن بچاؤ سارے یکجا ہیں، ان کا نعرہ تھا “کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے”۔ عمران خان سے مسئلہ یہ ہے کہ نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے بلکہ جو یہ کھا چکے وہ بھی نکلوا کر عوام پر لگانا چاہتا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز