وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی مشن چین مقبوضہ کشمیر مخدوش صورتحال پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی
۰۹ اگست, ۲۰۱۹ ۱۲:۱۶ شام

 بیجنگ (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے ۔ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقات میں شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور بھارتی غاصبانہ اقدامات پر چینی قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔

وزیر خارجہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق غیر آئینی بھارتی اقدامات سے چینی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کریں گے۔

بیجنگ ہوائی اڈے پر پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی، سینئر حکام نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ شاہ محمود کی بیجنگ میں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس آمد ہوئی جہاں  وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ تالیوں کی گونج میں پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔

دوسری جانب  اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی چیف آف اسٹاف  ماریہ لوئزہ سے ملاقات کی، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام سے پیدا ہونے والے بحران میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پر سکیورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کیلئے دباؤ ڈالا جائے۔

ادھر سعودی عرب نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

سعودی عرب نے کہا کہ پاکستان اور بھارت خطے میں امن قائم رکھنے کی تمام کوششیں بروئےکار لائیں، دونوں ممالک خطے کی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین ویڈیوز