وزیر اعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

وزیر اعظم ‏ سعودی عرب ‏ اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز عمران خان
۱۹ ستمبر, ۲۰۱۹ ۹:۲۹ دن

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب  روانہ ہو گئے  ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے اور اسے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔

جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، شہزادہ محمد بن سلمان کے فروری 2019 کے دورہ پاکستان کے بعد سے تعلقات نہایت تیزی سے استحکام کی جانب گامزن ہیں ۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ وزیر اعظم 21 ستمبر کو سعودی عرب سے براہ راس نیویارک کیلئے روانہ ہوں گے اور وہاں پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سائیڈ لائن پر اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان 2 ملاقاتیں طے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز آرمی چیف نے ملاقات کی تھی ۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس  کے مطابق ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے، ملاقات میں  مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم کے دورہ امریکا،سعودی عرب سےمتعلق امور پر گفتگو کی گئی جبکہ  جنرل اسمبلی سے خطاب پر بھی بات کی گئی۔

تازہ ترین ویڈیوز