وزیرخارجہ کا سعودی عرب کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ، کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

۳۰ اگست, ۲۰۱۹ ۱:۳۹ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب اور جنوبی کورین ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطے کیئے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اور امن کی خراب صورتحال پر گفتگو کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ غاصبانہ اقدامات کرکے جبرا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ طاقت کے زور پر مسلمانوں کی اکثریت، اقلیت میں بدلنے کے درپے ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا نہتے کشمیریوں کو تالا بندی اور بد ترین کرفیو کا سامنا ہے ۔ بھارتی وحشیانہ طرز عمل پر عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے، رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ کانگ کیونگ وا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے باسی 25 روز سے بد ترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی فورسز رات کو گھروں میں گھس کر بچوں اور نوجوانوں کو اغواء کر رہی ہیں ۔ عالمی میڈیا روزانہ بھارتی جبر و استبداد کے المناک مناظر دنیا بھر کے سامنے لا رہا ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آپ جنیوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے خدمات سر انجام دے چکیں، آپ صورتحال کی نزاکت اور نوعیت کا ادراک رکھتی ہیں ۔ کورین حکومت سے مؤثر کردار کی توقع رکھتے ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تمام تر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اہم مسئلہ ہے ۔ سدباب ہونا چاہئیے۔

تازہ ترین ویڈیوز