وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم


وزیراعلیٰ پنجاب ، عثمان بزدار ، نشیبی علاقوں ، بارش ، پانی ، نکاسی ، حکم
04 ستمبر, 2020 1:06 شام

 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار روٹین کی میٹنگز منسوخ کر کے شہر کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلی نے مال روڈ، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، لارنس روڈ اور دیگر علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نکاسی آب کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ شہر میں نکاسی آب کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب ، عثمان بزدار ، نشیبی علاقوں ، بارش ، پانی ، نکاسی ، حکم

عثمان بزدار کا کہنا تھا انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج کے ذریعے بارشی پانی کو محفوظ کیا جا رہا ہے، لاہور میں ایسے مزید انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج بنائیں گے۔ نکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اورمشینری بروئے کار لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کو پانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کر دی اور کہا انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا میں عوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا ہے۔ شدید بارش سے شہریوں کیلئے پیدا ہونے والی تکلیف کو خود محسوس کیا ہے۔ ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ میں اس مشکل صورتحال میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ نکاسی آب کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے نکاسی آب کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعلیٰ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا بھی مشاہدہ کیا۔

علاوہ ازیں عثمان بزدار نے انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں مؤثر مہم چلانے کا حکم بھی دیدیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیو کیس سامنے آنے پر بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ کو بھی محترک ہونا ہو گا۔ ڈینگی سرویلنس پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین ویڈیوز