وزیراعظم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارک باد دی

عمران خان صادق سنجرانی سینیٹ دوبارہ اعتماد مبارک باد
۰۲ اگست, ۲۰۱۹ ۷:۰۰ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو سینیٹ کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ  صادق سنجرانی کی وزیر اعظم آفس میں ملاقات ہوئی۔ شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر بیرسٹر علی سیف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان بولے سینیٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے حوالے سے چیئرمین سینٹ اپنی ذمہ داریاں اسی احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا ارکان کا اعتماد ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان کو اچھے  طریقے سے چلائے جانے کی تصدیق ہے۔

سینیٹ میں اپوزیشن اتحاد کو منہ کی کھانا پڑ گئی، حکومتی اتحاد جیت گیا۔ چیئرمین صادق سنجرانی  عہدہ بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔

بلاول بھٹو اور شہبازشریف کا ظہرانہ کام آیا نہ ہی رہنماؤں کی جذباتی تقاریر۔ سینیٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی انہونی ہو گئی۔ اپوزیشن کے ساتھ اپنوں نے ہی ہاتھ کر دیا۔

ایوان بالا میں اکثریت کا دعویٰ کرنے والی اپوزیشن اقلیت میں تبدیل ہو گئی۔ بڑے دعوؤں  سے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والی  حزب اختلاف کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ میں 64 ارکان نے  ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی لیکن ووٹ 50 نے ڈالا۔

پریزائیڈنگ افسر بیرسٹر سیف کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں 100 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے دوران صادق سنجرانی کو 45 ووٹ ملے جب کہ پانچ ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔

تازہ ترین ویڈیوز