وزارتِ خارجہ میں قائم “کشمیر سیل” کا پہلا اجلاس ، کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ

۰۳ ستمبر, ۲۰۱۹ ۸:۲۷ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ خارجہ میں قائم “کشمیر سیل” کا پہلا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ‏مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، اور پاکستان کی اب تک کی جانے والی ‏سفارتی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ،سول و عسکری حکام ،سیکریٹری خارجہ سمیت وزارتِ خارجہ ‏کے سینیئر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں کشمیر ‏کونسل کے اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز، چیرمین سینٹ کمیٹی برائے امور خارجہ، اور معزز ممبران ‏پارلیمنٹ کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ‏مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ہندوستان کا بیانیہ مسلسل تبدیل ہوتا آ رہا ہے جبکہ پاکستان کا ‏نقطئہ نظر یکساں، واضح، اور دوٹوک ہے۔

دوران اجلاس مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق ‏کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں مختلف فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر مشاورت ‏کی گئ۔

پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے نجات دلانے اور ان ‏کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے ‏گا۔

خصوصی سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلقہ تازہ ترین صورتحال پر غور و ‏خوض کرنا اور ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے پیش نظر ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے ‏موثر حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز