جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

۱۵ جون, ۲۰۱۹ ۵:۴۷ شام

کارڈف ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019  کا دلچسپ ایونٹ جاری ہے ، ایونٹ کے 21ویں میچ میں جنوبی افریقہ  نے  افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ افغانستان نے جنوبی افریقہ کی دعوت پر  پہلے کھیلتے ہوئے 34.1 اوورز میں 125 رنز بنائے ، جنوبی افریقہ نے ہدف  28ویں اوور کی چوتھی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

افغانستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کی ٹیم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی  ، ٹیم کے 7 کھلاڑی دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔

اوپنر حضرت اللہ زازئی 22نور علی زدران 32 اور ٹیل اینڈر راشد خان نے 35 رنز بنائے ۔

ٹاپ آرڈر رحمت شاہ 6،حشمت اللہ شہیدی 8 ،اصغر افغان 0 ، محمد نبی ایک ، اکرام علی خیل 9،کپتان گلبدین نبی 5 اور حامد حسن کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے 7 اوورز میں 29 اسکور دے کر 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا ، کرس مورس نے 6.1اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

اینڈل فیلکو وے نے دو اور کگیسیو رابادا نے ایک کھیلاڑی کو میدان بدر کیا۔

جنوبی افریقہ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور  28ویں اوور کی  چوتھی گیند پر ہدف حاصل کر لیا  ۔  جنوبی افریقہ کی جانب سے کوائنٹن ڈی کک 72 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 8 چوکے بھی شامل تھے ۔

اوپنر ہاشم آملہ نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی  اور 81گیندوں پر 40 اسکور  بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

ٹاپ آرڈر اینڈیل فیلکواو نے 13 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنائے ۔

افغانستان کی ٹیم ایونٹ میں صفر پوائنٹ کیساتھ دسویں یعنی آخری پوزیشن پر براجمان ہے ، جنہیں تین میچز کھیل کر کوئی پوائنٹ یاکامیابی حاصل نہ ہوئی ۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بھی پہلے کھیلے گئے چار میچز میں کوئی کامیابی حاصل نہ ہوئی، انہیں تین میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کی جھولی میں ایک پوائنٹ گر ا ، آج کی فتح کے بعد  جنوبی افریقہ 3 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے ۔

تازہ ترین ویڈیوز