Tuesday, March 9, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

واضح ہو چکا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے بیانیے سے پیچھے ہٹ چکی ہے ، شاہ محمود قریشی

واضح ہو چکا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے بیانیے سے پیچھے ہٹ چکی ہے ، شاہ محمود قریشی
December 30, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا واضح ہوچکا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے بیانیے سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی میں فیصلے کا اختیار آصف علی زرداری صاحب کے پاس ہے ، بلاول کے پاس یہ اختیار نہیں ۔ پیپلز پارٹی کی سی ای سی اجلاس سے واضح ہو چکا کہ پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم کے بیانیے سے پیچھے ہٹ چکی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ سینٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ضمنی انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔ انہیں چاہیے کہ اب استعفوں کی رٹ چھوڑ دیں- قوم کے ساتھ مذاق نہ کریں۔

شاہ محمود قریشی بولے یہ 31 جنوری تک وزیر اعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ میں انہیں آج کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں انہیں عوام کا مینڈیٹ اور اعتماد حاصل ہے ۔ وہ آپ کے مطالبے پر مستعفی کیونکر ہوں؟

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا اصل حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی۔ اگر یہ استعفے دینے کے حوالے سے سنجیدہ ہوتے تو پھر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کبھی نہ کرتے۔ پی ڈی ایم میں مختلف الخیال لوگ این آر او کے حصول اور مقدمات سے خلاصی کیلئے ایک جگہ جمع ہیں۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ پی ڈی ایم کا اتحاد غیر فطری ہے جس کا شیرازہ عنقریب بکھرنے کو ہے۔