نیب نے شہباز شریف کو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں آج طلب کر لیا

نیب شہباز شریف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن کیس طلب
۱۲ جولائی, ۲۰۱۹ ۹:۱۹ دن

 لاہور (92 نیوز) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں اپوزیشن قومی اسمبلی شہباز شریف کو نیب نے آج   طلب کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں پوچھے گئے سوالات کی تفصیل کا پتہ چل گیا ہے۔ شہباز شریف کو سات سوالات پر مشتمل طلبی کا سمن جاری کیا گیا ہے۔ جواب طلب کیا گیا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کی سمری کیوں فنانس اور محکمہ قانون کی رائے لئے بغیر منظور کی گئی؟

یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ جب ایک محکمہ پہلے سے کام کر رہا تھا تو اس کے باوجود ایل ڈبلیوایم سی کے قیام کو کیوں ضروری سمجھا گیا؟

شہباز شریف سے سوال کیا گیا ہے کہ کمپنی کے قیام کے لئے کیا تمام تقاضے پورے کیے گئے ، اگر نہیں تو پھر کس نکتے پر قیام کا فیصلہ کیا گیا؟

نیب نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی آئی ایس ٹیک کو کیوں نیلامی کا عمل مکمل کیے بغیر ٹھیکہ دیا گیا؟

شہباز شریف نیب کی جانب سے کیے گئے سوالوں کے جواب دیں گے۔ نیب کو مطمئن نہ کر سکے تو انہیں دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز