نیب نے بےنامی ٹرانزیکشنز کا الزام لگایا اور کہا پلی بارگین کریں چھوڑ دینگے، سلیم مانڈوی والا

سلیم مانڈوی والا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر اور میری فیملی پر بے بنیاد بے نامی کا الزام لگایا گیا۔ اب خاموش نہیں رہوں گا۔ معاملے کو دنیا کے سامنے لاوں گا۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کو خطوط لکھ چکا ہوں۔ نیب لوگوں کو بلیک میل کر رہا ہے۔ اب ہر چیز میڈیا پر لاؤں گا تاکہ پورے پاکستان کو پتہ چلیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پارلیمنٹرینز تو مسلسل نیب کا شکار رہے ہیں۔ لوگ نیب کی وجہ سے ملک چھوڑ رہے ہیں ۔ معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے،انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ جب تک اس قسم کے لوگ رہیں گے ملک کا بیراغرق کریں گے۔ نیب ہمارے ملک کو تباہ کر دے گی کسی جنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
سلیم مانڈوی والا کا مزید کہنا تھا کہ آپ ضرور کرپٹ لوگوں کے خلاف ایکشن لیں، ہم ساتھ دینگے لیکن آپ بزنس مین کے خلاف ایکشن لے کر کیا ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے نیب افسران سے اپنے اثاثے ڈیکلئر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔