نواز شریف کی صحت بدستور تشویشناک، بیرون ملک روانگی کل تک مؤخر

فلیگ شپ ریفرنس نوازشریف بریت اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز
۱۰ نومبر, ۲۰۱۹ ۱۲:۰۷ دن

لاہور (92 نیوز) نواز شریف کی صحت بدستور تشویش ناک ہے، ای سی ایل سے نام نہ نکلنے پر علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کل تک مؤخر کر دی گئی، اب کل پیر کی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر لندن روانہ ہونگے، ٹکِٹس بھی بک کرا لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ہمراہ ڈاکٹر عدنان، شہباز شریف کی ٹکِٹس بک کی گئی ہیں۔ اس سے قبل نوازشریف کی آج بیرون ملک روانگی متوقع تھی۔

نیب نے درخواست پر وزارت داخلہ کو جواب بھیج دیا، مزید دستاویزات طلب کرلیں، کیس قانونی رائے کیلئے وزارت قانون کو بھیجنے کا کہہ دیا۔

ادھر نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہو گیا۔ ڈاکٹرز نے نوازشریف کو جلد از جلد لندن منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ معاون خصوصی نعیم الحق کہتے ہیں کہ نواز شریف کا فوری علاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں وہ جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں۔

ذرائع کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلنے کے بعد نوازشریف کی بیرون ملک روانگی متوقع ہے۔ علاج طویل ہونے کی صورت میں مریم نواز بھی قانونی راستہ اختیار کرکے لندن روانہ ہونگی جبکہ نوازشریف کی صحت بہتر ہونے پر مریم نواز دوبارہ پاکستان میں سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گی۔

ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے مطابق نواز شریف کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، متعدد ادویات کے باوجود نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سنبھل نہیں پا رہے، بیماری کی تشخیص نہ ہونے سے علاج میں مسائل کا سامنا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز