نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

شورٹی بانڈ ، حکومتی شرط، نوازشریف ، نام ، ای سی ایل ، غیرمشروط ، درخواست ، لاہور ہائی کورٹ ، سماعت
۱۴ نومبر, ۲۰۱۹ ۵:۱۷ شام

لاہور (92 نیوز) نواز شریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط طور پر نکالنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی ہو گئی۔

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چودھری کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت نوازشریف کے وکلا کی ٹیم نے نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے پردلائل دیئے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کے معاملے پر وفاقی حکومت نے غور کیا۔ حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سات ارب کے ضمانتی مچلکوں سے مشروط کی۔

وکیل نوازشریف امجد پرویز نے کہا دونوں عدالتوں نے باہر جانے کے لئے کوئی شرط نہیں رکھی۔ عدالتی فیصلے موجود ہیں کہ پلین بارگین کرنے والے ملزموں کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔ میاں نوازشریف شدید بیمار ہیں۔ ان کے پلیٹ لیٹس اچانک کم ہو جاتے ہیں۔ بیماری کی تشخیص کے لئے نوازشریف کا بیرون ملک جانا ضروری ہے۔

وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا میاں نوازشریف کو انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پربیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین ویڈیوز