نوازشریف کا علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا امکان

نوازشریف، دل کا ٹیسٹ، ٹروپ ٹی پازیٹو، لاہور، 92 نیوز
۰۸ نومبر, ۲۰۱۹ ۱۲:۳۲ شام

 لاہور (92 نیوز) نوازشریف کا علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا امکان پیدا ہو گیا۔ قانونی پیچیدگیاں دور ہونے کے بعد نوازشریف علاج کے لیے بیرون ملک جائیں گے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی پر مریم نواز نے گفتگو میں کہا نوازشریف کی طبیعت تھوڑی نہیں بہت خراب ہے۔ ان کو علاج کیلئے فوری بیرون ملک جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے نوازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کو ہی آخری آپشن قرار دے دیا۔ شہباز شریف، مریم نواز نے نوازشریف کو قائل کر لیا۔ نوازشریف ڈاکٹروں کی سفارشات پر عملدرامد کیلئے رضا مند ہو گئے۔ نوازشریف مریم نواز کو بھی ساتھ لے جانے کے بھی حامی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہے۔ نوازشریف کا بیرون ملک علاج کا فیصلہ اب حکومت کی کورٹ میں ہے۔

دوسری طرف نوازشریف کی رہائشگاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کر دیا گیا۔ نوازشریف کو شریف میڈیکل سٹی کے اسپیشل میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی سروسز اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا تھا ۔

نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ میں کہا تھا نواز شریف کیلئے انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کر دیا گیا۔ انتہائی نگہداشت یونٹ 24 گھنٹے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔

ادھر مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ڈاکٹروں نے نواز شریف کی صحت کے پیش نظر ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قائم کردہ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔

تازہ ترین ویڈیوز