نوازشریف نے اگلے جمعہ تک رہائی ملنے کی پیشگوئی کر دی

نوازشریف کوٹ لکھپت جیل پی ٹی آئی سعودی ولی عہد
۱۴ فروری, ۲۰۱۹ ۶:۱۱ شام

 لاہور (92 نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف نے خود ہی اگلے جمعہ تک رہائی ملنے کی پیشگوئی کر دی۔

نوازشریف سے آج ملاقات کے دن پارٹی رہنما ملنے پہنچے۔ کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نوازشریف کی رہائی کے لئے لگایا گیا کیمپ  رہائی سے پہلے ہی اجڑگیا۔

نوازشریف سے ملنے ان کی والدہ ،مریم نواز،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر عزیز پہنچے۔ خاندان کے افراد کچھ دیر نوازشریف کے ساتھ رہنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ نوازشریف کا علاج مکمل نہیں کیا گیا۔

بارش کے موسم کا اثر نوازشریف کے موڈ پر بھی نظر آیا۔ نوازشریف نے پیر صابر شاہ سے مالم جبہ اور ہزارہ میں  برف باری کے بارے میں پوچھا۔ بولے جیل سے باہر ہوتا تو برف باری کو انجوائے کرتا۔

مرزا جاوید کیساتھ مکالمے میں نوازشریف نے امید ظاہر کی کہ اگلے جمعہ تک رہائی مل جائے گی۔ نوازشریف نے شکوہ کیا کہ انہیں وہ ٹی وی دیا گیا ہے جس پر کوئی خبرنامہ نہیں آتا۔

نوازشریف نے مزید کہا پی ٹی آئی حکومت ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی لگا رہی ہے۔ سینیٹرر پروفیسر ساجد میر نے نوازشریف کی جلد رہائی کےلئے دعا بھی کروائی۔

سعودی ولی عہد کے دورے کے حوالے سے نوازشریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی۔ معاشی صورتحال بہتر کرنے کے لئے سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات ن لیگ کے دور حکومت میں طے پائی۔

مشاہداللہ، پرویزرشید، احسن اقبال، طلال چودھری ، امیر مقام بھی نوازشریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔ کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ کے کارکنوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف احتجاج کیا۔

تازہ ترین ویڈیوز