نریندر مودی نے قومی سلامتی کو کاروبار بنا لیا ہے ، نوجوت سنگھ سدھو

نووجوت سنگھ سدھو نریندر مودی قومی سلامتی رافیل ڈیل راہول گاندھی
۱۵ مارچ, ۲۰۱۹ ۴:۰۱ شام

 نیو دہلی (92 نیوز) نووجوت سنگھ سدھو نے کہا نریندر مودی نے قومی سلامتی کو کاروبار بنا لیا ہے۔

نووجوت سنگھ سدھو نے رافیل ڈیل پر مودی پر شدید تنقید اور طنز کے تیر برسائے۔ کہتے ہیں اگر مگر سے ملک نہیں چلتا۔ اگر کانگریس ہوتی تو چھتیس نہیں ایک سو چھتیس رافیل طیارے بھارت آتے۔ مودی نے قومی سلامتی کو کاروبار بنا لیا ہے۔

قبل ازیں بھارتی لوک سبھا میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے رافیل طیاروں کے اسکینڈل پر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بھارتی ایوان مچھلی منڈی بنا رہا۔

لوک سبھا میں رافیل ڈیل پر بحث کے دوران کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے مودی سرکار کی مبینہ ملی بھگت کا کچہ کھول کر رکھ دیا تھا اور الزامات کی بوچھاڑ کر دی تھی۔

بحث شروع ہوتے ہی راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر سے کہا تھا یہ ڈیل صحیح طریقہ سے نہیں کی گئی ۔ انہوں نے مودی حکومت پر کئی سوالات بھی کھڑے کئے اور ڈیل کے پروسیس پر بھی انگلی اٹھائی تھی۔ انیل امبانی اور مودی کے مبینہ تعلقات کا بھانڈا بھی ایوان میں پھوڑ دیا گیا تھا۔

ساتھ ہی ساتھ راہول گاندھی نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے یہ نہیں کہا تھا کہ رافیل معاملہ میں تحقیقاتی کمیٹی نہیں بن سکتی ہے ، جانچ نہیں ہو سکتی ہے۔

سابق وزیر دفاع اور گوا کے موجودہ وزیر اعلی منوہر پاریکر کے آڈیو ٹیپ پر راہل گاندھی نے کہا تھا کہ گوا کے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ان کے پاس رافیل کی پوری فائلیں پڑی ہیں ۔ جس میں پورا سچ رکھا ہے۔

راہول گاندھی نے مزید کہا تھا کہ رافیل کی بات جب شروع ہوئی توانہیں لگا کہ دال میں کچھ کالا ہے ۔ دو سال بعد پتہ چلا کہ دال میں کچھ کالا نہیں ، بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔

وزیراعظم مودی کے کرادر پر سوال کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ آج پورا بھارت ان پر انگلی اٹھا رہا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز