ناجائز حکومت کو گھر بھیج کر رہیں گے، فضل الرحمن


فضل الرحمن، حکومت، جلد خاتمے کا دعویٰ، پشاور، جلسہ سے خطاب، 92 نیوز
08 دسمبر, 2019 5:26 شام

پشاور (92 نیوز) مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے جلد خاتمے کا دعویٰ کر دیا، پشاور میں جلسہ سے خطاب میں کہا ناجائز حکومت کو گھر بھیج کر رہیں گے، تحریک منزل کے قریب پہنچ چکی، حکومت کی کشتی ڈانواں ڈول ہے۔

سربراہ جے یوآئی ف نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ناجائز حکومت کو گھر بھجوانے کی کوشش جاری رکھیں گے، یہ اس ملک کے نمائندے نہیں ہیں، ہمارے احتجاج سے حکمرانوں کی اکڑ ختم ہوگئی، آئین کی حکمرانی کیلئے جوقدم اٹھایا وہ منزل پرپہنچ رہا ہے۔ کشمیر کو بیچ دیا گیا، پتہ نہیں کشمیر پر انہوں نے کیا سودے بازی کی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پتہ نہیں کب مکمل ہو گی، میرا اندازہ ہے کہ ڈیڑھ ارب روپیہ ایک کلومیٹر پر خرچ کیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضے لیے جا رہے ہیں، اس صوبے میں احتساب کے ادارے نے احتساب شروع کیا تو اس میں ردوبدل کر دیا، اب احتساب کا ادارہ ہی ختم کر دیا، درخت لگانے کی بات کرتے ہیں، ایک کروڑ درخت بھی نہیں لگائے گئے۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا ہم غدار حکومت کو نہیں چلنے دیں گے، تم نے تحقیقات کروائیں کہ ملک کا پیسہ باہر گیا ہے لیکن تمہارے اپنے ادارے کہتے ہیں کہ پیسے غیر قانونی طریقے سے باہر نہیں گئے۔

ان کا کہنا تھا کلمے کی سربلندی کے لیے ہم ہر قربانی کے لیے تیار ہیں، مجھے کسی نے کہا اگر معاملہ گڑبڑ ہوگیا تو کیا ہوگا، میں نے کہا میدان بھی ہے اورگھوڑی بھی ہے، جب ہم نکلے ہیں تو اس قلعے کو فتح کریں گے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، اللہ ہمیں عزم و ہمت عطا فرمائے، ملک میں دین اسلام کی سربلندی کے لیے ہمارا جہاد جاری رہے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز